مستنصر حسین تارڑ کیلئے ”جوش اُردو ایوارڈ 2020“ کا اعزاز

Published On 24 December,2020 07:06 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) اردو ادب کے سب سے بڑے ایوارڈ ”جوش اُردو ایوارڈ 2020“ کیلئے اس سال معروف ادبی شخصیت مستنصر حسین تارڑ کے نام کا انتخاب کیا گیا ہے۔

قبل ازیں جوش اردو ایوارڈ بالترتیب شمس الرحمن فاروقی، جاوید اختر، مشتاق احمد یوسفی، بشیر بدر اور گوپی چند نارنگ کو پیش کئے جا چکے ہیں۔ بزم اُردو دبئی کے زیر اہتمام دوروزہ محفل اُردو 2020ء کا انعقاد گزشتہ دنوں ہوا تھا۔

اس برس کورونا وائرس کی وجہ سے بزم اردو کے دیگر سال بھر کے پروگراموں کی طرح یہ جلسہ بھی آن لائن ہوا۔ بزم اردو دبئی کی نمائندگی کرتے ہوئے رحمان فارس، سیدہ صائمہ نقوی اور حسیب اعجاز عاشر نے مستنصر حسین تارڑ کو اُن کے دولت کدہ پر جوش اُردو ایوارڈ 2020ء پیش کیا۔

اس موقع پر بعنوان ”روبرو“ مستنصر حسین تارڑ کا انٹرویو کیا گیا جو بزم اُردو دبئی کے تمام سوشل میڈیا چینل پر لائیو چلایا گیا۔ ناظرین نے تارڑ صاحب سے اُن کی شخصیت اور قلمی سفر کے حوالے سے بے تکلف گفتگو کو پسند کیا جس کا اظہار وہ لائیو سٹریمنگ کے دوران اپنے کمنٹ سے کرتے رہے۔