لاہور: (ویب ڈیسک) ترکی کے مشہور ڈرامے ارطغرل غازی میں عبدالرحمن کا کردار اد کرنے والے جلال آل نے پاکستان پہنچ کر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ترک ڈرامے ارطغرل غازی، جسے پی ٹی وی پر اردو میں ترجمہ کرکے پیش کیا جارہا ہے میں سلطنت عثمانیہ کے کمانڈر عبدالرحمٰن کا کردار ادا کرنے والے جلال آل پاکستان پہنچ گئے۔
انہوں نے فیس بک کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری سٹوری میں مداحوں کو پاکستان آمد کی اطلاع دی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان عالم اسلام کی خدمت کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہیں: عبدالرحمن
جلال آل نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ السلام و علیکم پاکستان، اسلام آباد بہت خوبصورت شہر ہے۔
اداکار نے اپنی اسٹوری میں ترک پاکستان زندہ باد کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
یاد رہے کہ دورہ پاکستان پہنچنے کے بعد انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری طرف پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے پوسٹ میں ترک اداکار کے ساتھ مختلف تصاویر شیئر کیں اور کہا کہ ہمارے درمیان کھڑا یہ شخص جسمانی لحاظ سے قد میں بڑا ہے اور ایک اداکارو سٹار کی حیثیت سے بھی بے حد احترام کا حامل ہے۔
اداکار نے لکھا کہ عبدالرحمٰن نے آن سکرین اور جلال آل نے حقیقی زندگی میں ایک بہادر جنگجو کی حیثیت سے پاکستان میں بہت سے دل جیتے ہیں جو اپنے عمل اور خیالات میں بہت مختلف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ارطغرل غازی جیسے ڈرامے بنائے: وزیراعظم عمران خان
عدنان صدیقی نے لکھا کہ ہمارے چہروں پر موجود مسکراہٹ کو دیکھیں، وہ تمام وقت ہمارے ساتھ کمرے میں تھے اور ترک اداکار سے ملاقات کے دوران ایسا محسوس نہیں ہوا کہ یہ ہماری پہلی ملاقات ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جلال آل کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان اور ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے ہیں۔ میرے دوست، آپ نے میگا سٹار ہمایوں سعید اور میری صورت میں 2 مداح پالیے ہیں۔
عدنان صدیقی نے یہ بتایا کہ وہ اسلام آباد آنے والے ترک وفد سے ملاقات کی کچھ تصاویر بھی شیئر کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وفد میں دیریلیش ارطغرل ڈرامے کے پروڈیوسر کمال تکدن بھی شامل ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ ترک وفد سے ملاقات میں چیئرمین برائے کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور انصاری فلمز کے ڈاکٹر کاشف انصاری بھی شریک تھے۔