’اُٹھ اے کسان‘ گانا، گلوکار جواد احمد کی ویڈیو کی بھارت سمیت دنیا بھر میں دھوم

Published On 11 January,2021 10:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور گلوکار جواد احمد کے ہر دلعزیز گانے ‘اُٹھ اے کسان‘ نے بھارت سمیت دنیا بھر میں دھوم مچا دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مشہور گلوکار جواد احمد، جو حالیہ عرصے کے دوران ملک میں مزدوروں کے حقوق سے متعلق آوازیں بلند کرتے ہیں، کا گانا سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس گانے میں انہوں نے احتجاج کرنے والے کسانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس ویڈیو کو انہوں نے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا، اس گانے میں انہوں نے کسانوں کی جدوجہد کو سراہا۔

گلوکار جواد احمد کی طرف سے یہ ویڈیو دسمبر 2020ء کو اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی، یہ ویڈیو تین منٹ کی ہے۔

 

جواد احمد نے ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے بھارتی کسانوں کے احتجاج پر ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے کے لیے ہی مذکورہ گانا تیار کیا اور وہ  کسانا  کو بھارتی کسانوں کے نام کرتے ہیں۔

 

جواد احمد کے  کسانا  کو بھارت میں ہونے والے مظاہروں کے دوران بھی چلایا جا رہا ہے کہ جب کہ اسے بھارتی سوشل میڈیا پر بھی خوب شیئر کیا جا رہا ہے۔

بھارتی لوگوں نے جواد احمد کے گانے کی سوشل میڈیا پر بھی تعریفیں کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی لکھا کہ کسانوں کے احتجاج پر پاکستانی گلوکار کو خیال آیا مگر بھارتی گلوکاروں نے ان کی مہم پر کوئی گانا تیار نہیں کیا۔

 

یاد رہے کہ بھارت میں حالیہ عرصے کے دوران بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کسانوں کا احتجاج جاری ہے، جس میں اپنے حق کے لیے دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔

گلوکار جواد احمد کی طرف سے کسانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شیئر کیے گئے ویڈیو کو یوٹیوب پر بھارت سمیت دنیا بھر کے سکھ کسان سراہ رہے ہیں۔

سکھ رہنما نیندر پانگیلا نے لکھا کہ واہ جی واہ ، ایک اور بھارتی کسان گوریل سنگھ ڈھلوں نے لکھا کہ کسان ایکتا زندہ باد، کسانوں کی مدد کرنے پر شکریہ۔

سندیپ سنگھ نے لکھا کہ میں اس گانے کو بہت پسند کرتا ہوں، میرا تعلق بھارت سے ہے لیکن مجھے پاکستان سے محبت ہے۔

گرومیت سنگھ نے لکھا کہ ماشاء اللہ جواد احمد صاحب کسانوں کی مدد کرنے کا شکریہ، ایکتا زندہ باد