کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، اسلام آباد میں کنسرٹ کرانے پر مہوش حیات برس پڑیں

Published On 15 March,2021 05:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا ایس او پیز کو یکسر نظر انداز کرنے اور کنسرٹ میں سماجی فاصلے برقرار نہ رکھنے پر پاکستان کی خوبرو اور معروف اداکارہ مہوش حیات ایونٹ کے انعقاد پر برس پڑیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث کیسز سے بڑھ رہے ہیں، عالمی وبا کے کیسز میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، راولپنڈی، سیالکوٹ،ملتان، اسلام آباد اور پشاور میں تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری طرف پاکستان میں مسلسل پانچویں روز کورونا وائرس کے 2 ہزار سے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی تصدیق اور کیسز میں اضافے کے باوجود اسلام آباد میں  ٹیسٹ ٹیسٹ  (Taste Test ) کے نام سے 3 روزہ کلنری اور میوزیکل ایونٹ منعقد کیا گیا۔ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں موسیقاروں اور معروف شخصیات نے پرفارم بھی کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جائے تو کنسرٹ میں سماجی فاصلے اور کورونا ایس او پیز کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باوجود ایونٹ کے انعقاد پر اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے اظہارِ برہمی کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں مہوش حیات نے کہا کہ یہ انتہائی مایوس کن ہے۔ اتنے زیادہ لوگوں کے ساتھ لائیو کنسرٹ کرنا مایوس کن ہے جبکہ ہم ابھی تک کورونا فری نہیں ہوئے۔ کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں اور ہمیں وائرس کی تیسری مہلک لہر کا سامنا ہے، لہذا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

Advertisement