مجھے سزا سنائے جانے سے متعلق خبریں غلط اور جھوٹی ہیں: میشا شفیع

Published On 17 March,2021 09:58 am

لاہور:(روزنامہ دنیا) گلوکارہ میشا شفیع نے تین سال قید کی سزا کے بارے خبروں کی تردید کر دی، ان کے وکیل نے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق میشا شفیع کے بارے میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انہیں گلوکار علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا جھوٹا الزام عائد کرنے پر 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ جس کے بعد انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بارے جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے جیل بھیجے جانے سے متعلق خبروں کو بھی غلط قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ تصدیق کئے بغیر کوئی بھی خبر شیئر کرنے سے گریز کریں ۔ میشا کے وکیل اسد جمال کے مطابق میشا شفیع کو کسی کیس میں سزا نہیں ہوئی ۔سزا سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہیں ۔میشا شفیع کے تمام کیسز ابھی گواہوں اور ابتدائی سٹیج پر ہیں۔ میشا شفیع کو سزا کی خبر دینے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے ۔