لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ویکسینیشن کیلئے آنے والے شہریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ایک لاکھ سے زائد ہیلتھ ورکرز کو ویکسینیشن لگائی جاچکی ہے۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کیلئے قائم 104 سنٹرز پر 60 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے، وزیراعلی عثمان بزدار کورونا ویکسینیشن سے متعلق تمام اقدامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 60 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کی رجسٹریشن کیلئے شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیجئے، جوابی تفصیل موصول ہونے پر متعلقہ ویکسینیشن سنٹر سے رجوع کریں، ویکسینیشن مرحلہ وار ہر شہری تک پہنچا کر انہیں محفوظ بنانا ہمارا عزم ہے۔