ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی ماڈل ثاقب خان نے اسلامی طرز زندگی اپناتے ہوئے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کر لی، ان سے پہلے اداکارہ زائرہ وسیم اور ثنا خان بھی شوبز چھوڑ چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ماڈل ثاقب خان کو ایم ٹی وی کے رئیلٹی شو روڈیز رویوولوشن سے شہرت ملی تھی، علاوہ ازیں ویب سیریز دل ہی تو ہےسیزن3 میں بھی کردار ادا کر چکے ہیں۔ چند روز قبل کی گئی ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں شوبز انڈسٹری چھوڑتے ہوئے ماڈلنگ اور اداکاری کو خیرباد کہہ رہا ہوں،میرے پاس مختلف پراجیکٹس تھے، بس اللہ کی مرضی نہیں تھی۔ ایک سال کے دوران خاصی شہرت حاصل کی مگر وہ تو دنیا کیلئے ہے، آخرت کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔
انہوں نے مزید لکھاکہ نماز پڑھتا تھا مگر سکون کی کمی تھی، خدا کا بہت زیادہ شکراداکرتا ہوں کہ اس نے مجھے توبہ کا موقع دیا اور مجھے قبول کیا کیونکہ میں اپنی زندگی میں معجزات ہوتے دیکھ رہاہوں۔ مجھے مقدس کتاب قرآن پاک کو پڑھتے ہوئے بہت سکون ملا ۔ثاقب خان نے پوسٹ کے آخر میں ان تمام لوگوں سے معافی کی درخواست کی جن کو انہوں نے چاہتے یا نہ چاہتے ہوئے دکھ پہنچایا۔
واضح رہے کہ ثاقب خان کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے اور انہوں نے وکالت کی تعلیم بھی حاصل کر رکھی ہے، ان سے قبل عامر خان کے ساتھ فلم دنگل میں اداکاری کرنے والی زائرہ وسیم اور اداکارہ ثنا خان بھی بالی وڈ فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی کر چکی ہیں۔