ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی ووڈ سپر سٹار عامر خان اور ان کی اہلیہ فلمساز کرن راؤ کی جانب سے طلاق کے اعلان کے بعد دونوں کی جانب سے پہلا ویڈیو پیغام میں کہاگیا ہے کہ ہم بہت خوش ہیں اور ایک ہی خاندان ہیں، ہمارے رشتے میں تبدیلی آئی ہے۔
ویڈیو میں عامر خان مداحوں سے مخاطب ہوتے کہہ رہے ہیں کہ ہم بس آپ لوگوں کو اتنا کہنا چاہیں گے ہم بہت خوش ہیں اور ایک ہی خاندان ہیں، ہمارے رشتے میں تبدیلی آئی ہے لیکن ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں لہٰذا آپ لوگ ایسا کبھی مت سوچئے گا۔
یاد رہے بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان اور ان کی اہلیہ فلمساز کرن راؤ نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا۔ جس میں کہا گیا کہ شادی کے ان 15 سالوں میں ہم نے ایک ساتھ زندگی کے کئی مختلف تجربات کیے اور ڈھیروں خوشگوار لمحات ساتھ گزارے، ہمارا رشتہ محض بھروسے، عزت اور محبت کی بنیاد پر پروان چڑھا۔
بیان میں کہا گیا کہ اب ہم میاں بیوی نا ہونے کی حیثیت سے اپنی زندگی کا نیا باب شروع کرنے جارہے ہیں، لیکن بیٹے (آزاد راؤ خان) کے والدین کے طور پر ہم فیملی ہیں، ہم کافی عرصہ پہلے سے اس علیحدگی کے بارے میں سوچ رہے تھے لیکن اب یہ ہوچکی ہے۔ پیغام کے آخر میں درج تھا کہ یہ طلاق زندگی کا اختتام نہیں بلکہ ہمارے نئے سفر کا آغاز ہے۔
خیال رہے کہ عامر خان نے فلمساز کرن راؤ سے دوسری شادی 28 دسمبر 2005 میں کی تھی۔