شنیرا اکرم کا پاکستان میں رہنا کیوں مشکل تھا؟وجہ خود ہی بتادی

Published On 19 November,2021 07:59 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ولیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی آسٹریلین اہلیہ شنیرا اکرم کا پاکستان میں رہنا کیوں مشکل ہوتا جارہا تھا؟ اس کی وجہ انہوں نے خود ہی بتادی ہے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سابق کپتان کی اہلیہ شنیرا اکرم اکثر اوقات اپنے بیانات،پاکستان سے محبت اور سماجی کاموں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں جبکہ ایک مرتبہ پھر ان کے پیغام نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شنیرا اکرم نے انکشاف کیا کہ اُن کے لئے پاکستان میں رہنے کا سب سے مشکل وقت تب آتا تھا کہ جب وہ ہر کسی کی مدد نہیں کر سکتی تھیں۔

انہوں نے پاکستان میں اپنے مشکل دور کے بارے میں بتاتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ ہر مستحق شخص کی مدد نہ کرنے کے درد نے مجھے اکثر راتوں کو جگا کر رکھا۔اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا کہ ہم نے ایک دن میں کتنے لوگوں کی مدد کی کیونکہ میں کبھی مطمئن نہیں تھی۔

ایک اور ٹوئٹ میں سابق کپتان کی اہلیہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے لکھا کہ پھر میں نے نیشنل انسٹیوٹ آف چلڈرن ہیلتھ کے ساتھ کام کرنا شروع کیا،جب آپ کو پتہ چلے کہ صرف ایک چھوٹے سے عطیے سے آپ نے ایک بچے کی زندگی بچائی یا آپ کسی بچے کی تکلیف کو اتنی آسانی سے کم کر سکتے ہیں تو یہ کتنا ناقابلِ یقین احساس ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم کی جانب سے کراچی کے ساحل سمندر پر موجود کچرے کے ڈھیر پر برہمی کا اظہار بھی کیاجاتا رہا ہے۔

 

 

Advertisement