پونے:(ویب ڈیسک) بھارتی پنجابی گلوکار و کانگریس لیڈر سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث شارپ شوٹر سنتوش جادھو کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مطلوب شارپ شوٹر سنتوش جادھو کو پونے پولیس نے سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا، لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والا جادھو ایک سال سے فرار تھا، اب اسے اس کے ساتھی ناگناتھ سوریاونشی کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ سنتوش جادھو اور اس کے ساتھی کا نام سدھو موسے والا کے قتل کیس کی تحقیقات میں سامنے آنے کے بعد پونے کی دیہی پولیس نے ان کی تلاش تیز کردی تھی۔
پونے پولیس نے 2021 کے قتل کیس کے بعد جادھو کو پناہ دینے کے ملزم سدھیش کامبلے عرف مہاکل کو پہلے گرفتار کیا تھا، اسے منچھر پولیس سٹیشن میں ان کے خلاف درج مکوکا کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، موسے والا قتل کیس کے سلسلے میں دہلی پولیس کے سپیشل سیل اور پنجاب پولیس نے بھی ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔
پولیس عہدیدار کی جانب سے بتایا گیا کہ جادھو کو پونے ضلع کے منچھر پولیس سٹیشن میں 2021 کے قتل کے مقدمہ میں حراست میں لیا گیا ہے، ممبئی پولیس نے اداکار سلمان خان کو دھمکی آمیز خط کے سلسلے میں بھی ان سے پوچھ گچھ کی تھی، پونے پولیس نے جادھو کا پتہ لگانے کے لیے گزشتہ ہفتے متعدد ٹیمیں گجرات اور راجستھان بھیجی تھیں۔