لاہور: (ویب ڈیسک) ماہرہ خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ میرے سابق شوہر کو میرے کام کی وجہ سے ابھی بھی مجھ پر بے حد فخر ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی فلم "قائداعظم زندہ باد" کی پرموشن کے سلسلہ میں دنیا نیوز پر کامران شاہد کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی فلم اور نجی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اس موقع پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے سابق شوہر علی نے ہمیشہ سے مجھے سپورٹ کیا، ہمارے درمیان طلاق ہوچکی ہے لیکن اس کے باوجود وہ اب بھی مجھ پر فخر کرتے ہیں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ علی نے دیکھا ہے کہ میں نے کتنی جدوجہد کے بعد اپنا کیریئر بنایا ہے اور وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ میں نے صحیح طریقے سے اس سفر کو طے کیا ہے اس لئے میرے والدین کے علاوہ میرے شوہر سے زیادہ مجھ پر کوئی اور فخر نہیں کر سکتا۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان کی 2007 میں علی عسکری سے شادی ہوئی جن سے ان کا ایک بیٹا اذلان ہے تاہم یہ شادی چند سالوں کا سفر طے کرنے کے بعد ختم ہوگئی تھی۔