لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف لندن میں کی گئی ہلڑ بازی کو پاکستان کے لیے توہین قرار دیدیا۔
لندن میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے ہلڑ بازی، نعرے بازی اور توہین آمیز زبان استعمال کرنے کے وقت خاموش اور پرسکون رہنے پر شوبز شخصیات کی جانب سے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
وزیر اطلاعات کو اس وقت لندن میں ہراساں کیا گیا جب وہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ اقوام متحدہ (یو این) کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہو رہی تھیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعدد ویڈیوز میں پی ٹی آئی کے جھنڈے سر پر پہنی خواتین و افراد کو مریم اورنگزیب کو کافی شاپ سمیت سڑک پر ہراساں کرتے اور ان کے لیے نامناسب زبان استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری طرف اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انسٹاگرام پر مریم اورنگزیب کی وائرل ہونے والی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے استعمال کی گئی زبان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے سیاسی مخالفین کے عمل کی مذمت کی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہر کسی کو دوسرے کے سیاسی خیالات سے اختلاف رکھنے کا حق حاصل ہے مگر کسی کو ہراساں کرنا نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی اسے قبول کیا جائے گا۔
اداکارہ نے مریم اورنگزیب کے خلاف لندن میں کی گئی ہلڑ بازی کو پاکستان کے لیے توہین قرار دیا۔
عتیقہ اوڈھو نے مزید لکھا کہ کوئی بھی شخص اپنے خراب طرز عمل سے کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کر سکتا، اس لیے سیاسی مخالفت بھی اخلاق کے دائرے میں رہ کر کی جا سکتی ہے۔