کراچی: (دنیا نیوز) ٹک ٹاکر حریم شاہ نے وطن واپسی پر ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکنے کے لیئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، عدالت نے حریم شاہ کے وکیل کی جانب سے درخواست واپس لینے پر خارج کردی۔
دوران سماعت نے جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ پہلے بھی سندھ ہائیکورٹ نے حریم شاہ کی وطن واپسی پر ایف آئی اے کو گرفتار کرنے سے روکا تھا، حریم شاہ نے چانس ضائع کیا اس سے قبل بھی آپ کی موکل نےسندھ ہائیکورٹ کےحکم نامے کا غلط استعمال کیا۔
عدالت نے حریم شاہ کے وکیل کو مشورہ دیا کہ درخواست گزار چاہیں تو وطن واپسی پرگرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے رجوع کرسکتی ہے جس پر ٹک ٹاکر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حریم شاہ ایف آئی اے کے سامنے سرنڈرکرنا چاہتی ہے اور وہ تین اکتوبرکو وطن آنے کی خواہ ہیں، لہذا گرفتاری سے روکا جائے۔
عدالت نے پوچھا کہ کیا حریم شاہ کے خلاف مقدمہ درج ہوچکا ہے؟جس پر حریم شاہ کے وکیل نے کہا انکے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوا، بس ایف آئی اے نے طلب کر رکھا ہے، خدشہ ہے وطن واپسی پر ایف آئی اے حریم شاہ کوگرفتار کرسکتا ہے۔
جسٹس کے کے آغا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریماکس دیئے کہ عدالت سے گیم کھیلنا بند کیا جائے، یہ وہی لیڈی ہیں ناں جنہوں نے رقم ظاہر کی تھی اور منی لانڈرنگ کا دعویٰ کیا تھا؟ ایف آئی اے کو تحقیقات سے نہیں روکا جاسکتا۔