کلکتہ: (ویب ڈیسک) بنگالی قوم کیخلاف تبصرہ کرنے پر بھارتی کامیڈین اداکار پریش راول مصیبت میں پھنس گئے، پولیس میں شکایت درج کرا دی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ویسٹ بنگال کے ریاستی سیکرٹری محمد سلیم نے بالی ووڈ اداکار اور بی جے پی کے رہنما پریش راول کے خلاف بنگالیوں کیخلاف تبصرہ کرنے پر کلکتہ پولیس میں شکایت درج کرا دی ہے جس میں پریش روال کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی بھی گزارش کی گئی ہے۔
پریش راول نے گجرات میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے بنگالیوں کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ گیس سلنڈر مہنگے ہیں لیکن وہ نیچے آئیں گے لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔ لیکن کیا ہوگا اگر روہنگیا مہاجرین اور بنگلہ دیشی دہلی کی طرح آپ کے آس پاس رہنے لگیں؟ کیا آپ گیس سلنڈر استعمال کریں گے؟ بنگالیوں کے لیے مچھلی پکائیں گے؟۔
بی جے پی رہنما اور اداکار پریش راول کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارت کی بنگالی قوم میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔
پولیس کو لکھے شکایتی خط میں ریاستی سیکرٹری محمد سلیم نے کہا کہ عوامی اجتماع میں اس طرح کی تقریر فسادات کو بھڑکانے اور ملک بھر میں بنگالی برادری ، دیگر برادریوں کے درمیان ہم آہنگی کو تباہ کرنے اور عوامی فساد پھیلانے کے لئے کی گئی ہے۔
سلیم نے خط میں کہا سوشل میڈیا پر کئے گئے تبصروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذکورہ ویڈیو بنگالیوں کے بارے میں بہت زیادہ منفی رائے پیدا کر رہی ہے۔
سلیم کے مطابق چونکہ بنگالیوں کی ایک بڑی تعداد مغربی بنگال سے باہر رہتی ہے، اس لیے راول کی جانب سے کیے گئے نازیبا ریمارکس کی وجہ سے انھیں متعصبانہ طور پر نشانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ اس تبصرے کے وائرل ہونے کے بعد اپنی ایک ٹوئٹ میں پریش راول نے بنگالی قوم سے معافی بھی مانگ لی تھی، ان کا کہنا تھا کہ یقیناً مچھلی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ گجراتی بھی مچھلی پکاتے اور کھاتے ہیں لیکن میرا مطلب غیر قانونی بنگلہ دیشی اور روہنگیا تھا، تاہم اگر میں نے آپ کے جذبات کو تکلیف پہنچائی ہے تو میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔