ممبئی : (ویب ڈیسک ) بالی ووڈ فلمیں کافی عرصہ سے باکس آفس پر زیادہ کمائی نہیں کررہی ہیں اور کسی بھی نئی فلم کی ریلیز سے قبل بائیکاٹ مہم شروع ہوجاتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار کرن جوہر کا کہنا ہے کہ فلموں کی زیادہ کمائی نہ ہونے کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری مسلسل خسارے میں جارہی ہے اور اسکی وجہ میں میں اور میرے جیسے دیگر ہدایتکار ہیں جو پرانی فلموں کا ریمیک بنانے پر لگے ہوئے ہیں۔
بالی ووڈ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ پورے بھارتی سینما میں ایک بڑا مسئلہ ہے کہ ہمیں فلم کی کہانی پر پختہ یقین نہیں ، ہمارے پاس ماضی میں سلیم خان اور جاوید اختر جیسی بہترین جوڑی تھی جنہوں نے اپنی کہانیوں کی بدولت بھارتی سینما کو زندہ رکھا ہوا تھا۔
کرن جوہر نے کہا کہ 70 کی دہائی تک سلیم جاوید اصل کہانیوں اور کرداروں کو سنبھال کر رکھتے تھے، ہم نے 80 کی دہائی میں جنوبی زبان کی فلموں کے ری میک بنانا شروع کر دیئے، 90 کی دہائی میں ہم نے ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی کامیابی کے بعد محبت کی کہانیاں بنانا شروع کیں اور اس سب کا قصوروار میں ہوں، اسی طرح ہم نے 70 کی دہائی کی جڑیں کھو دیں۔
انہوں نے عامر خان کی معروف فلم لگان کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ 2000 ء میں لگان کے ریلیز ہونے کے بعد ہم سب نے لگان کی طرز پر مبنی فلمیں بنانا شروع کردیں،اور 2010 میں سلمان خان کی فلم دبنگ کے بعد ساری فلمیں اس جیسی کہانیوں پر بننا شروع ہوئیں۔
کرن جوہر نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی جڑیں کھو دیں اور اصل کہانیوں پر یقین نہیں کیا، اگر ہم سوئٹزرلینڈ اور نیوزی لینڈ جائیں اور فلم پروڈیوس کریں تو لوگ ان کہانیوں سے خود کو جڑا ہوا محسوس نہیں کریں گے۔