پرینیتی چوپڑا اور دلجیت دوسانجھ نئی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے

Published On 11 December,2022 07:08 am

ممبئی : (ویب ڈیسک ) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور معروف پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نئ فلم ''چمکیلا '' میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر امتیاز علی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم میں اداکارہ پرینیتی چوپڑا لیجنڈری گلوکارہ امرجوت کور کا کردار ادا کریں گی جبکہ دلجیت سنگھ چمکیلا کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

ڈائریکٹر امتیاز علی کے مطابق پنجاب کے دو مشہور موسیقاروں کی زندگی پر فلم بنانا ان کا خواب تھا، جو اب آخرکار حقیقت بن رہا ہے کیونکہ وہ ایک ہفتے کے اندر اس فلم کی شوٹنگ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پرینیتی پچھلے کچھ مہینوں سے فلم کے حوالے سے کافی تیاری کر رہی تھیں اور وہ خود کو فلم کی شوٹنگ کیلئے مکمل طور پر تیار کرچکی ہیں، پچھلے کچھ مہینوں میں اسکرپٹ کے حوالے سے بھی کافی سیشن ہوئے ہیں۔

فلم کی کہانی چمکیلا اور ان کی اہلیہ امرجوت کور کی زندگی پر مبنی ہے، جنہیں 8 مارچ 1988 کو ان کے میوزیکل گینگ کے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر قتل کر دیا گیا تھا، ان کا قتل آج تک ایک حل طلب کیس بنا ہوا ہے۔