ممبئی : (ویب ڈیسک ) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف کامیڈین راج پال یادو کیخلاف دوران شوٹنگ ایک طالبعلم کو سکوٹر سے ٹکر مارنے اور اس سے بدسلوکی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار راج پال یادیو کی نئی فلم کی شوٹنگ جاری تھی کہ ایک سین کے دوران حادثاتی طور پر اداکار کا اسکوٹر وہاں کھڑے ایک طالب علم کو جالگا جس سے وہ زخمی ہوگیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ حادثے کے دوران طالب علم کو سنگین نوعیت کی چوٹیں نہیں آئیں تاہم اس نے اداکار اور فلم کی ٹیم کے خلاف پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرادی جس میں موقف اپنایا گیا کہ اداکار اور ٹیم نے اس کے ساتھ بدسلوکی کی ہے اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں۔
دوسری جانب راج پال یادیو اوران کی ٹیم کے دیگر ارکان نے بھی پولیس میں شکایت درج کرائی اور الزام عائد کیا کہ طالب علم شوٹنگ میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہا تھا جو انتظامیہ کی اجازت سے ہورہی تھی۔
پولیس کے مطابق اداکار جس اسکوٹر پر سوار تھے وہ پرانا تھا اور کنٹرول کھو دینے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔