شادی سے متعلق نہیں سوچ رہی، زندگی میں اب کسی مرد کی ضرورت نہیں: آئمہ بیگ

Published On 15 December,2022 09:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف گلوکارہ اور حال ہی میں گانے 'کہانی سنو' کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بننے والی آئمہ بیگ نے کہا ہے کہ زندگی میں اب مرد کی ضرورت نہیں، شادی سے متعلق نہیں سوچ رہی نہ ہی اس حوالے سے اب کوئی توقعات رکھی ہوئی ہیں، زندگی میں اب کسی مرد کا آںا بونس ہوگا۔

یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ اتنے گانے گا چکی ہوں کہ اب تعداد بھی یاد نہیں۔’پیار ہوا تھا‘ گانا چار گھنٹے میں ہی ریکارڈ کروا لیا تھا۔کیفی خلیل کا یہ گانا یوٹیوب پر سنا، ’پیار ہوا تھا‘ گانے کا فیصلہ تب کیا جب زندگی کے تاریک مرحلے سے گزر رہی تھی، کیفی خلیل کو فون کرکے ان کے گانے کی بہت تعریف کی۔

گلوکارہ نے مزید بتایا کہ کسی ایونٹ پر جاؤں اور میرے گانے چل رہے ہوں تو سب میری طرف دیکھنے لگ جاتے ہیں جس وجہ سے اکثر چھپ بھی جاتی ہوں تاکہ ساری نظریں مجھ پر نہ پڑیں۔

ایک سوال کے جواب میں آئمہ بیگ نے کہا کہ بہن بھائیوں کی شادیاں ہو چکی ہیں اور وہ اپنے گھروں مصروف ہیں، فیملی کو بہت مس کرتی ہوں، دل کرتا ہے وہ وقت واپس آ جائے جب والدہ زندہ تھیں، نارمل لوگوں پر تو اب کرش ہوتا ہی نہیں، ہالی ووڈ اداکاروں پر ہو سکتا ہے۔

شادی سے متعلق سوال کے جواب میں آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ شادی کے لیے مرد کا ’انسان کا بچہ ‘ ہونا ضروری ہے اور ساتھ دینے والا ضروری ہو، شادی کے حوالے سے اب کوئی توقعات نہیں رکھی ہوئیں بلکہ یوں کہوں گی کہ مجھے اپنی زندگی میں مرد کی ضرورت نہیں اور نہ ہی میں اس متعلق سوچ رہی ہوں، اگر کوئی آ بھی جاتا ہے تو وہ بونس ہوگا، میں نے میوزک سے ہی شادی کر لی ہے۔