ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں دھوکہ دہی کے ملزموں سے بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کا جعلی پاسپورٹ برآمد ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کی پولیس نے 3 ملزموں کو گریٹر نوئیڈا کے علاقے سے فراڈ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
ملزموں پر ایک فارمیسی کمپنی کے نام پر ایک کروڑ 80 لاکھ بھارتی روپے کے فراڈ کے علاوہ شادی کرانے والی سائٹس اور ڈیٹنگ ایپس کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے کا الزام ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس ملزموں سے یہ جاننا چاہتی ہے کہ وہ اس پاسپورٹ سے کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ ایشوریا کا جعلی پاسپورٹ برآمد ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں، 2012 میں بھی ریاست گجرات سے ان کے پاسپورٹ کی ایک کاپی برآمد ہوئی تھی۔