کولکتہ: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے بھارت میں شہری آزادیوں اور آزادی اظہار رائے کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔
کولکتہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی تقریب میں 80 سالہ اداکار نے محتاط انداز میں سیاسی صورت حال پر تبصرہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج کل شہری آزادیوں اور اظہار رائے کی آزادی کے متعلق سوالات اٹھ رہے ہیں اور سٹیج پر موجود میرے ہم کار میرے بات سے یقینی طور پر اتفاق کریں گے۔
امیتابھ بچن کے ساتھ سٹیج پر بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان بھی موجود تھے جن کی فلم ’پٹھان‘ کو بھی بائیکاٹ مہم کا سامنا ہے۔
اس موقع پر امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہ رخ کے فن کارانہ تحمل کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں جس سے مساوات اور تکثیریت کو فروغ ملتا ہے۔