نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست آندھر پردیش کے ضلع کاکناڈا کے پیڈا پورم شہر میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’اوتار 2‘ دیکھتے ہوئے ایک شخص دل کا دورہ پڑنے سےہلاک ہو گیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت لکشمی ریڈی سرینو کے نام سے ہوئی جو اپنے بھائی راجو کے ساتھ اوتار 2 دیکھنے کے لیے ایک فلم تھیٹر گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سرینو فلم کے درمیان میں ہی گر گیا، اس کا چھوٹا بھائی راجو اسے فوری طور پر پیڈا پورم کے سرکاری ہسپتال لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اتفاق سے تائیوان میں ایک 42 سالہ شخص 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اوتار‘ کا پہلا حصہ دیکھتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا تھا۔
ہلاک ہونے والے اس شخص کی ہائی بلڈ پریشر کی ہسٹری تھی، اس کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر کے مطابق فلم دیکھنے سے پیدا ہونے والے حد سے زیادہ جوش نے اس میں بلڈ پریشر کی علامات کو جنم دیا جس کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا۔