ممبئی : (ویب ڈیسک ) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار سنجے گپتا نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کے ’’ بگ بی ‘‘ امیتابھ بچن نے انکی مشہور فلم ’’ کانٹے ‘‘ کا معاوضہ نہیں لیا تھا اور نہ ہی فلم میں گالی نکالنے کی حامی بھری تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ ڈائریکٹر سنجے گپتا نے اپنی فلم ’’ کانٹے ‘‘ کے 20 سال مکمل ہونے پر ایک انٹریو میں بتایا کہ جب لاس اینجلس میں فلم کی شوٹنگ کے دوران کچھ مسئلہ ہوا تو امیتابھ پہلے شخص تھے جنہوں نے انہیں کہا کہ انہیں کوئی پیسہ نہیں چاہیے ، لیکن فلم بننی چاہیے۔
ہدایت کار نے کہا کہ فلم کے دیگر اداکاروں سنجے دت، سنیل شیٹی، لکی علی اور مہیش منجریکر نے بھی فلم کے لیے معاوضہ لینے سے انکار کردیا تھا۔
سنجے نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران مسٹر بچن مجھے ایک سائیڈ پر لے گئے اور کہا کہ ’’ دیکھو سنجے میں فلم میں گالی نہیں دوں گا یہ ایک ایسا کام ہے جو میں نے پہلے کبھی نہیں کیا‘‘ ، میں نے اس پر ہاں میں جواب دیا تاہم فلم کے ایک سین کے دوران امیتابھ کے منہ سے بے ساختہ گالی نکل ہی گئی جس پر وہ ہنس دیے۔
یاد رہے کہ فلم ’’ کانٹے ‘‘سنجے گپتا کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک ایکشن تھرلر فلم تھی جس میں امیتابھ بچن، کمار گورو، سنیل شیٹی، لکی علی اور مہیش منجریکر ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے جبکہ فلم 2002 میں ریلیز ہوئی تھی۔