انوشکا شرما کی نئی فلم ’’ چکدا ایکسپریس‘‘ کی شوٹنگ مکمل

Published On 27 December,2022 07:59 am

ممبئی : ( ویب ڈیسک ) معروف بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کی نئی فلم ’’ چکدا ایکسپریس ‘‘ کی شوٹنگ مکمل ہوگئی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ نے نئی فلم ’’ چکدا ایکسپریس ‘‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کی خبر دیتے ہوئے آخری روز کی چند تصاویر بھی شیئر کیں۔

فلم ’’ چکدا ایکسپریس ‘‘ سابق بھارتی ویمن کرکٹر جھولن گوسوامی کی بائیو پک ہے جو بھارتی ٹیم کی کپتان بھی رہ چکی ہیں اور ملک میں کرکٹ کھیلنے کے خواہشمند افراد کیلئے رول ماڈل کا درجہ بھی رکھتی ہیں۔

اداکارہ کی جانب سے انسٹا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئیں تصاویر میں ان کے ساتھ جھولن گوسوامی کو بھی دیکھا جاسکتا ہے ، تصاویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں شوٹنگ کے آخری روز کے لمحات سے خوب لطف اندوز ہوئی ہیں۔

فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کی خوشی میں کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں رکھے گئے کیک پر موم بتیوں کی بجائے گوسوامی کی جرسی نمبر کی کینڈل کو سجایا گیا۔

واضح رہے کہ فلم ’’ چکدا ایکسپریس ‘‘ کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا تاہم فلم کی ریلیز کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔