ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے کیریئر کے عروج پر ماں بننے کے فیصلے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی میں کوئی بھی چیز یا عمل بالکل صحیح یا غلط نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ اداکارہ عالیہ بھٹ کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کو کیرئیر کے آغاز پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے بعد انہوں نے اپنی صلاحیتوں سے ناقدین کے منہ بند کردیئے۔
عالیہ بھٹ نے اس وقت شادی اور پھر ماں بننے کا فیصلہ کیا جب وہ اپنے کیرئیر کے عروج پر تھیں، ان کے اس فیصلے کو بھی بھارتی فلم نگری می سراہا جارہا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی زندگی کے فیصلوں پر کھل کر بات کی ہے۔
عالیہ نے کہا کہ زندگی میں کوئی بھی چیز یا عمل بالکل صحیح یا غلط نہیں ہوتا، جو چیز یا عمل میرے لئے بہتر ہو ہے ہو سکتا ہے کہ وہ کسی اور کے لیے ٹھیک نہ ہو۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں فیصلے اپنے دل کو کرنے دیتی ہوں، فلمیں ہوں یا کچھ اور میں نے ہمیشہ اپنے دل کی بات سنی ہے۔
عالیہ بھٹ نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ آپ زندگی کی منصوبہ بندی نہیں کر سکتے، زندگی خود منصوبے بناتی ہے اور آپ کو صرف اس راستے پر چلنا ہوتا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اپنے کیریئر کے عروج پر میں نے شادی کرنے اور ماں بننے کا فیصلہ کیا، اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ اس سے میرے کیرئیر پر فرق پڑے گا اور اگر ایسا ہوتا بھی تو مجھے پرواہ نہیں ہے۔
عالیہ بھٹ نے مزید کہا کہ مجھے ماں بننے کے فیصلے پر کبھی پچھتاوا نہیں ہوگا، یہ میرا آج تک کا بہترین فیصلہ تھا، مجھے اس سے زیادہ خوشی کبھی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ماں بننے کے بعد عورت کا ہر لمحہ زیادہ معنی خیز ہوجاتا ہے، میں ایک اداکار کے طور پر خود پر یقین رکھتی ہوں کہ اگر آپ محنت کرتے ہیں تو آپ اچھے اداکار ہیں اور اگر لوگ آپ کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو کام ملے گا۔