خواتین پر مبنی فلمیں زیادہ سے زیادہ بننی چاہئیں : منیشا کوئرالا

Published On 02 January,2023 07:26 am

ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بالی ووڈ اداکارہ منیشا کوئرالا نے کہا ہے کہ خواتین پر مبنی فلمیں زیادہ سے زیادہ بننی چاہئیں، مجھے لگتا ہے کہ ہم بدل رہے ہیں، خواتین معاشرے میں مجموعی طور پر قدرے مضبوط ہو رہی ہیں، بہت ساری داستانیں خواتین پر مرکوز ہیں، کیونکہ مصنفین اور ہدایت کار اب خواتین ہیں۔

معروف اداکارہ منیشا کوئرالا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں ہمیشہ خواتین پر مبنی مزید فلمیں دیکھنا چاہوں گی، بہت سارے مرد بھی خواتین پر مبنی پروجیکٹ بنا رہے ہیں، جبکہ دیکھنے والے بھی پسند کر رہے ہیں اور یہ فلمیں تجارتی اعتبار سے بھی اچھی کارکردگی دکھا رہی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں یہ بھی چاہوں گی کہ نوجوان اداکارائیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور واقعی ترقی کریں اور بہتر سے بہتر بنیں۔

انہوں نے اپنے نئے آنے والے پراجیکٹ ’’ شہزادہ ‘‘ کے بارے بتایا کہ یہ بہت اچھا پراجیکٹ ہے جو کہ فروری میں ریلیز ہوگا اور میں اس کی ریلیز کی بہت منتظر ہوں۔

اداکارہ نے اداکار کارتک آریان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہت باصلاحیت، محنتی اور شائستہ شخص ہے، وہ کردار کو سمجھتا ہے اور کچھ نیا کرتا ہے، مجھے اس کی بنائی ہوئی فلموں کا انتخاب بھی پسند ہے، انڈسٹری میں اس کا مستقبل بہت روشن ہے۔