ممبئی: (ویب ڈیسک ) بالی ووڈ کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ انڈسٹری سے متعلق کئی انکشافات کئے تاہم اب انہوں نے ان کی وضاحت پیش کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا ان دنوں اپنی آنے والی پرائم ویڈیو سیریز "کیٹاڈل" کی پروموشن میں مصروف ہیں، اس دوران ان سے پوڈکاسٹ میں بالی ووڈ انڈسٹری سے متعلق کئے گئے انکشافات کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ "انہوں نے بالی ووڈ انڈسٹری میں کام کے حوالے سے تجربات سے متعلق اب لب کشائی کیوں کی جب کہ وہ انڈسٹری چھوڑ چکی ہیں؟"
پریانکا چوپڑا نے میزبان کے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ" آج میں اپنی زندگی میں ایک بہتر جگہ پر ہوں اور اس مقام پر پہنچ چکی ہوں جہاں سے واضح طور پر اور باآسانی اس بارے میں بات کرسکتی ہوں، اپنے جذبات کا کھل کے اظہار کرسکتی ہوں"۔
انہوں نے کہا کہ "پوڈکاسٹ کے دوران مجھ سے میری زندگی اور کیرئیر کے حوالے سے پوچھا گیا تھا کہ میں آج جس مقام پر ہوں وہاں تک کیسے پہنچی اور اس میں مجھے کیا مشکلات پیش آئیں، تو میں نے اس وقت سے آغاز کیا جب میں 10 برس کی تھی، پھر 20، 30 اور پھر 40 برس کی ہونے تک اپنی زندگی کے مختلف واقعات اور تجربات کا تذکرہ کیا، تاہم میرے ساتھ جو کچھ ہوا اسے معاف کرکے اپنی زندگی میں بہت آگے بڑھ چکی ہوں"۔
یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا نے گزشتہ دنوں ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کس طرح انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے نہیں دیا گیا، ان کے لئے مشکلات کھڑی کی گئیں یہاں تک کہ انہیں گوشت کھانے پر مجبور کر دیا گیا۔