لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز کی خوبرو اداکارہ صنم جنگ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ان کے پہلے ڈرامے سے نکال دیا گیا تھا۔
حال ہی میں صنم جنگ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں ان کے پہلے ڈرامے کیلئے مسترد کر دیا گیا تھا۔
صنم جنگ نے بتایا کہ انہوں نے اپنا ایم بی اے مکمل کیا اور اس کے بعد اپنے کیرئیر کا آغاز بطور وی جے کیا تاہم کچھ دنوں بعد ان کی نوکری ختم ہو گئی، جس کے بعد وہ بےروزگار تھیں کہ نینا کاشف نے انہیں دل مضطر کے لیے آڈیشن دینے کیلئے بلایا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے آڈیشن دیا لیکن انہیں اس ڈرامے کے ہدایتکار رومی انشا نے مسترد کر دیا، ہدایتکار کا کہنا تھا کہ صنم جنگ اداکاری نہیں کر سکیں گی۔
صنم جنگ نے بتایا کہ انہوں نے مجھے خود بلایا، پھر مسترد کر دیا اور گھر بھیج دیا لیکن بعد میں ہدایتکار کو تبدیل کر دیا گیا کیونکہ وہ مجھ سے متفق نہیں تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس کے بعد یہ ڈرامہ شہزاد کشمیری نے ڈائریکٹ کیا اور اس طرح انہیں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا موقع ملا، مجھے لگتا ہے کہ جب کوئی چیز آپ کے لیے لکھ دی گئی ہوتی ہے تو وہ آپ کو مل جاتی ہے۔
یاد رہے کہ اداکار عمران عباس کے ساتھ صنم جنگ کا پہلا ڈرامہ ’دل مضطر‘ تھا جس نے انہیں بے پناہ شہرت دی اور پھر انہوں نے کبھی مڑ کر نہیں دیکھا۔