لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ماہ نور حیدر نے خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ طلاق کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں۔
حال ہی میں اداکارہ ماہ نور حیدر نے ایک انٹرویو کے دوران جہاں مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا وہیں انہوں نے اپنی کم عمری میں ہونے والی شادی اور علیحدگی کے بارے میں بھی بات چیت کی۔
انٹرویو کے دوران ماہ نور نے 2020 میں اپنی طلاق کے بعد والدین اور فیملی کی طرف سے ملنے والی مضبوط حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ کئی لڑکیاں اس سے محروم ہیں۔
انہوں نے لڑکیوں کو تاکید کی کہ وہ طلاق لینے یا علیحدگی اختیار کرنے سے قبل اچھی طرح سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔
ماہ نور نے اپنی طلاق کا تلخ تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میرا تجربہ دوسروں سے بہت مختلف ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے کبھی اس بارے میں کھل کر بات نہیں کی کیونکہ میں یہ نہیں چاہتی کہ کوئی مجھ سے مرعوب ہو جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے خواتین اور لڑکیوں کے پاس کوئی نہ کوئی ہنر اور تعلیم ہونے کے ساتھ ساتھ ان کا مالی طور پر خود مختار ہونا بے حد ضروری ہے۔