سجل علی کو تمغہ امتیاز ملنے پر سونم باجوہ بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکیں

Published On 24 March,2024 03:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ سجل علی کو یوم پاکستان کے موقع پر تمغہ امتیاز ملنے پر بھارتی اداکارہ سونم باجوہ بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکیں۔

23 مارچ یومِ پاکستان کے موقع پر روایت کے مطابق مختلف شعبوں سے وابستہ 397 افراد کو صدارتی وسول ایوارڈز سے نوازا گیا، اعزاز اپنے نام کرنے والی شخصیات میں سجل علی بھی شامل ہیں جنہوں نے انسٹاگرام پر اس لمحے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

مذکورہ ویڈیو میں سجل علی سفید لباس میں ملبوس ہیں جبکہ ان کو صدارتی ایوارڈ (تمغہ امتیاز) سے نوازے جانے سے قبل ان کی کارکردگی کے حوالے سے بھی بتایا گیا۔

پوسٹ کی کیپشن میں سجل علی نے تمغہ امتیاز ملنے پر اللہ کا شکر ادا کیا اپنی فیملی اور مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے بعد انہوں نے لکھا کہ یہ اعزاز مجھے والدہ کی دعاؤں کے سبب ملا ہے۔

اداکارہ کی پوسٹ پر جہاں ان کے مداح انہیں مبارکبادیں دیتے نظر آرہے ہیں وہیں بھارتی اداکارہ سونم باجوہ بھی خود کو سجل کی تعریف سے نہ روک سکیں۔

سونم باجوہ نے سجل کی پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں لکھا کہ ’’سجل آپ اس اعزاز کی حقیقی معنوں میں حقدار ہیں، میں آپ کی سب سے بڑی مداح ہوں‘‘۔

سونم باجوہ کے علاوہ بھارتی اداکارہ سیمی چہل نے بھی کمنٹ کر کے سجل علی کو اس اعزاز کی صحیح حقدار قرار دیا۔