رجب بٹ کو شیر کا بچہ رکھنے پر ایک سال کی سزا

Published On 27 January,2025 11:22 am

لاہور: (ویب ڈیسک) مشہور ٹک ٹاکر رجب بٹ کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے شیر کا بچہ رکھنے کا الزام ثابت ہونے پر سزا سنا دی۔

عدالت نے رجب بٹ کو الزام ثابت ہونے پر 50 ہزار روپے جرمانہ اور کمیونٹی سروس کی سزا سنائی ہے۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ رجب بٹ ایک سال تک ہر ماہ جانوروں کے حقوق کے تحفظ پر وی لاگز بنا کر اپنے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کریں گے، ان وی لاگز میں جانوروں کے تحفظ اور حقوق سے متعلق گفتگو ہو گی۔

عدالت نے مزید کہا کہ رجب بٹ کے وی لاگز ہر ماہ کے پہلے ہفتہ میں پروبیشن آفیسر کی اجازت کے بعد سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیے جائیں گے۔

عدالت نے محکمہ وائلڈ لائف کو بھی ہدایت کی کہ رجب بٹ کو جانوروں کے تحفظ کے بارے میں مواد فراہم کیا جائے۔

عدالت نے یہ حکم بھی دیا ہے کہ اگر پروبیشن آفیسر رجب بٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرے تو وہ حاضری کے پابند ہوں گے اور فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ چوہنگ کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے ٹک ٹاکر رجب بٹ کو اپنی شادی پر دوست سے شیر کا بچہ تحفے میں لینے پر گرفتار کیا تھا۔