25 سے زائد پولیس افسران کی عامر خان کے گھر آمد، مداح تشویش میں مبتلا

Published On 28 July,2025 07:26 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے عالمی شہرت یافتہ اداکار عامر خان کے گھر اچانک 25 پولیس افسران کی پُراسرار انداز میں آمد نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کے باندرا کے علاقے میں واقع ان کے گھر پر اچانک 25 کے قریب انسپکٹر جنرل آف پولیس کے افسران کی ٹیم پہنچ گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس افسران وردی میں ملبوس اور سرکاری گاڑیوں پر اداکار کے گھر پہنچے، اس سے قبل عامر خان کے گھر کے اطراف سخت سیکیورٹی بھی دیکھی گئی اور کسی کو گلی میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔

میڈیا کو بھی اداکار عامر خان کے گھر سے دور رکھا گیا تاکہ پولیس افسران کی آمد کو خفیہ رکھا جا سکے، واقعے کی اس پُراسراریت نے مداحوں اور میڈیا میں تشویش و تجسس کی لہر دوڑا دی اور سب ہر دلعزیز اداکار کے بارے میں فکر میں مبتلا ہوگئے۔

ویڈیوز کے ساتھ ساتھ مختلف قیاس آرائیاں بھی پھیلنا شروع ہوگئیں جس نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنادیا ہے، کسی نے کہا کہ یہ ممکنہ طور پر کسی دھمکی کی وجہ سے اداکار کی ہائی الرٹ سیکیورٹی کے لیے ہے، تاہم کچھ نے اسے فلم یا شوٹنگ ایونٹ کا حصہ سمجھا۔

تاہم عامر خان کی ٹیم نے میڈیا کو بتایا کہ وہ بھی ابھی اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ابھی تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قانونی یا میڈیا حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ اصل وجہ معلوم ہو سکے۔