گلوکاری کی وجہ سے خاندان والوں نے والد سے تعلقات ختم کردیے تھے: حمیرا چنا

Published On 25 July,2025 08:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معروف گلوکارہ حمیرا چنا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی جانب سے گلوکاری شروع کرنے پر ان کے خاندان والوں اور خصوصی طور پر ان کے چچا نے بھی ان کے والد سے تعلقات ختم کردیے تھے۔

حمیرا چنا نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے والد فلم پروڈیوسر تھے، جنہوں نے آغاز میں سندھی اور بعد ازاں پنجابی اور اردو فلمیں بھی پروڈیوس کیں جب کہ ان کی والدہ کا بھی فنون لطیفہ سے دلچسپی رہی، اگرچہ والدین کی فنون لطفیہ سے دلچسپی کی وجہ سے انہیں گلوکاری مشکل نہ لگی لیکن انہیں اپنا نام بنانے اور مواقع ملنے میں شدید مشکلات رہیں۔

ان کے مطابق انہوں نے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کم عمری میں ہی گلوکاری کا آغاز کیا، جہاں موسیقار نثار بزمی کے ساتھ بھی انہوں نے کام کیا، بعد ازاں نثار بزمی نے ہی انہیں پہلی بار فلموں میں گلوکاری کا موقع دیا اور ’ہم ایک ہیں‘ نامی فلم کے تمام گانے ان سے گوائے گئے۔

گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ مذکورہ فلم میں ایک گلوکارہ کو بطور ہیروئن کاسٹ کیا گیا تھا، جنہوں نے نثار بزمی سے جھگڑا کیا کہ ان سے ہی فلم کے گانے گوائے جائیں لیکن انہوں نے ہیروئن کی بات نہ مانی، ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ فلم بنانے کے دوران نثار بزمی کے ساتھ ہیرو نے بھی جھگڑے کیے اور اسی فلم کی لڑائی جھگڑے کے قصے پوری فلم انڈسٹری میں مشہور ہیں۔

گلوکارہ کے مطابق نثار بزمی کی جانب سے کم عمری میں ہی تمام فلم کے گانے گوانے کے بعد ان میں اعتماد آیا اور انہوں نے مذکورہ فلم میں گلوکاری پر ایوارڈز بھی جیتے، وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں، جس کے بعد انہیں مرحوم استاد نصرت فتح علی خان کے ساتھ بھی گلوکاری کرنے کا موقع ملا۔

ایک سوال کے جواب میں حمیرا چنا نے بتایا کہ کیریئر بنانے اور گلوکاری سے محبت کے چکر میں انہیں کبھی کسی مرد سے عشق نہیں ہوا، نہ انہیں ایسا کبھی خیال آیا لیکن شادی کے بعد انہوں نے اپنے شوہر کو مجازی خدا مانا اور ان سے ہی محبت کی۔

حمیرا چنا نے انکشاف کیا کہ ان کی جانب سے گلوکاری کرنے پر ان کے والد سے خاندان والوں نے تعلق توڑ دیا تھا اور انہیں طعنے دیتے تھے کہ وہ بیٹی سے گانے گواتے پھرتے ہیں۔

گلوکارہ کے مطابق ان کے چچا نے بھی ان کے والد سے تعلقات توڑ دیے تھے لیکن ان کے مشہور ہونے کے بعد تمام خاندان والوں نے تعلقات بحال کیے اور فخر سے لوگوں کو بتانے لگے کہ حمیرا چنا ان کی ہی بیٹی ہیں۔