اپنی ہی کمائی کیلئے بھیک مانگنا پڑتی ہے،علیزے شاہ شوبز انڈسٹری پر برس پڑیں

Published On 22 July,2025 09:42 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف اداکارہ علیزے شاہ نے انڈسٹری میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی۔

اداکارہ علیزے شاہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو میں انڈسٹری میں تاخیر سے معاوضے ملنے اور کام کے حوالے سے بات کی۔

علیزے شاہ نے کہا کہ اداکار کی زندگی مشکل ہوتی ہے، ہمیں ایک ڈرامے کا چیک 3 مہینے بعد ملتا ہے، اپنی ہی کمائی کیلئے ہمیں لوگوں سے بھیک مانگنی پڑتی ہے کہ چیک کا کیا ہوا، جب چیک ملتا ہے تو ایسا لگتا ہے ہم پر کوئی احسان کیا جارہا ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ میں نے کام کرنا روک دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب میں لوگوں کے پاس جاتی ہوں اور بولتی ہوں کہ مجھے اپنی فیملی اور گھر کو سپورٹ کرنا ہے تو مجھے کہتے ہیں ہم آپ کیلئے اتنا کر تو رہیں ہیں جتنا گزارا ہوجائے، وہ بتاتے ہیں ہم اتنی بڑی پروڈکشن میں ڈرامہ دے کر احسان کررہے ہیں، تو بھائی اپنا احسان اپنے پاس رکھیں، مجھے کام نہیں کرنا، جہاں کام میں عزت ہی نہیں ہے آپ وہاں کیا کام کرو گے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ جب میں نے اپنا معاوضہ مانگا تو سوشل میڈیا پر مختلف پیجز کو پیسے دے کر مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مجھ پر میمز بنائی گئیں،میٹنگز میں مجھے بےعزت کیا گیا، مجھے کام دے کر میری ذات پر احسان نہیں کرو، مجھے صرف عزت چاہیے اور وقت پر معاوضہ چاہیے، اگر آپ وہ بھی نہیں کرسکتے تو میرا خیال ہے کہ اس انڈسٹری میں آپ سے بڑا بھکاری کوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگ اداکاروں کا پیسہ کھا کر اتنے بڑے محل بنا رہے ہیں وہ کبھی تو ٹوٹیں گے، سب آپ لوگوں کو ہی مبارک ہو، میں کام صرف تب کروں گی جہاں میری عزت ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سینئر اداکار محمد احمد کی جانب سے بھی انڈسٹری میں تاخیر سے معاوضہ ملنے پر برہمی کا اظہار کیاگیا تھا جب کہ دیگر اداکار بھی اس حوالے سے لب کشائی کرچکے ہیں۔