کراچی: (دنیا نیوز) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نے ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے مبینہ قتل سے متعلق مقدمہ درج کرنے کی استدعا منظور کر لی۔
حمیرا اصغر کے مبینہ قتل کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نے کی، درخواست میں ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایچ او گزری کو فریق بنایا گیا ہے۔
دوران سماعت عدالت نے حمیرا اصغر کے مبینہ قتل کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی، سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ حمیرا اصغر کے اہلخانہ یا ریاست کے کسی فرد کا بیان ریکارڈ کرکے مقدمہ درج کیا جائے۔
واضح رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی تھی ، اداکارہ گزشتہ 7 سال سے اس کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا تھا کہ خاتون فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، 2018ء میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا اور وہ 2024ء سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔
کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں مالک مکان نے کیس کیا تھا، بیلف آیا تو دروازہ بند تھا، دروازہ نہ کھلنے پر توڑا گیا تو کمرے میں زمین پر خاتون کی لاش پڑی تھی۔