بینکاک: (ویب ڈیسک) مِس گرینڈ انٹرنیشنل 2025ء مقابلے کی تاج پوشی کی رات صورتحال اس وقت دلچسپ ہوگئی جب ایک امیدوار نے کسی اور کا نام اپنا سمجھ کر جشن منانا شروع کر دیا۔
تھائی لینڈ میں منعقدہ مِس گرینڈ انٹرنیشنل 2025ء مقابلے میں پاناما کی نمائندگی کرنے والی 31 سالہ اسامار ہیریرا نامی خاتون دیگر 76 امیدواروں کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھیں، جب کامیاب امیدواروں کے نام پکارے جا رہے تھے تو انہیں لگا کہ ان کا نام لیا گیا ہے، اور اس وقت وہ خوشی سے مکے لہراتی اور جشن مناتی آگے بڑھیں، تاہم چند سیکنڈ بعد ہی ہال میں خاموشی چھا گئی کیوں کہ دراصل جس خاتون کے نام کا اعلان کیا گیا تھا وہ پیراگوئے کی سیسیلیا رومیرو تھیں۔
اسی وقت میزبان نے فوراً وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ معذرت! میں نے مس گرینڈ پیراگوئے کا نام پکارا تھا، دنیا بھر سے آنے والوں مداحوں کی وجہ سے ہال میں بہت شور ہے جس کے باعث سننے میں غلطی ہوئی، یہ سن کر ہیریرا شرمندہ سی ہو کر رہ گئیں اور واپس اپنی جگہ چلی گئیں جبکہ مقابلے کی اصل فاتح سیسیلیا رومیرو اسٹیج کے سامنے آ کر اپنی فتح کا جشن منانے لگیں۔
تقریب میں پیش آنے والے اس غیر معمولی واقعے کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا جہاں صارفین اسامار ہیریرا کا تمسخر اڑانے کے بجائے ان سے ہمدردی دکھانے کا مطالبہ بھی کرتے نظر آئے، خود اسامار ہیریرا نے بھی بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غلطی سے ایسی چیزیں ہو جاتی ہیں، یہ بھی ایک غلطی تھی، یہ ایک مقابلہ ہے اور آپ کو ہارنا اور دوسروں کی کامیابی تسلیم کرنا سیکھنا چاہیے۔



