کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش

Published On 07 November,2025 11:46 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور جوڑی کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کا اعلان کر دیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وکی کوشل نے کچھ دیر قبل اپنے مداحوں کو خوش خبری سنائی ہے، اداکار نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ہماری خوشی کا بنڈل آ گیا ہے، بے پناہ محبت اور تشکر کے ساتھ، ہم اپنے بچے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

وکی کوشل نے اپنے بیٹے کی تاریخ پیدائش بتاتے ہوئے لکھا کہ اس کی پیدائش 7 نومبر 2025 کو ہوئی ہے۔

اداکار کی جانب سے پوسٹ شیئر ہوتے ہی ساتھی فنکاروں، مداحوں اور فالوورز کی جانب سے مبارک باد اور ننھے مہمان کے لئے نیک خواہشات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ جوڑا 9 دسمبر 2021 کو راجستھان میں شادی کے بندھن میں بندھا تھا، کترینہ کیف کے حاملہ ہونے کی خبریں اپریل 2022 اور 2023 میں بھی سامنے آئی تھیں، تاہم اداکارہ کے قریبی ذرائع نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔

15 ستمبر 2025 کو کترینہ اور وکی کوشل نے انسٹاگرام پر اعلان کیا تھا کہ وہ زندگی کے سب سے خوبصورت باب کا آغاز کرنے جا رہے ہیں اور ان کے دل خوشی اور شکرگزاری سے بھرے ہوئے ہیں۔