کرونا وائرس: فیس بک کا جعلی خبریں پھیلانے والی پوسٹیں ہٹانے کا اعلان

Last Updated On 04 February,2020 09:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک دنیا بھر میں اپنا الگ نام رکھتی ہے، دنیا بھر میں ہونے والے مختلف بڑے ایونٹس کے دوران ویب سائٹ بڑھ چڑھ کر آگے آ کر آگاہی مہم بھی چلاتی ہے، چین میں اس وقت کرونا وائرس کی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے، اس پر قابو پانے کے لیے دن رات تگ و دو بھی جاری ہیں، تاہم فیس بک نے اس حوالے سے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ پر اسرار بیماری سے متعلق غلط معلومات کو ہٹایا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک حکام کا کہنا ہے کہ ہم عالمی سطح پر اس پراسرار وائرس سے متعلق غلط معلومات اور غلط طریقہ علاج پھیلانے والی پوسٹوں کو ہٹانے کے حوالے سے قدم اٹھائیں گے۔

فیس بک کی جانب سے اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب جان لیوا کرونا وائرس کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے بین الاقوامی سطح پر ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ ویڈیو شیئرنگ نیٹ ورک انسٹاگرام پر بھی غلط معلومات پھیلانے کے لیے استعمال کیے جانے والے ہیش ٹیگوں کو روکیں گے اور اس پر پابندی عائد کریں گے۔

فیس بک کے مطابق وہ کرونا وائرس کے بارے میں غلط مواد شیئر کرنے والے صارفین کو متنبہ بھی کریں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اقدام کمپنی کے موجودہ قواعد کے مطابق ہے جس میں انسان کو نقصان پہنچانے والے مواد کے پیشِ نظر اس طرح کے مواد کو ہٹایا جاتا ہے۔

جس طرح فیس بک نے سیاست اور دیگر امور کے بارے میں غلط معلومات ہٹانے کے حوالے سے ماضی میں اقدامات کیے، اسی طرح اب کمپنی کرونا وائرس کے بارے میں فیس بک پر شیئر کیے جانے والے غلط مواد کو ہٹائے گی۔

کمپنی کا مزید کہنا ہے توجہ ایسی پوسٹوں پر مرکوز ہے جو کرونا وائرس کے علاج کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں اور اس وائرس سے نمٹنے کے لیے جھوٹی تجاویز پوسٹ کر رہے ہیں۔
 

Advertisement