103 سالہ معمر خاتون کی ماں بننے کی خبریں جعلی قرار

Last Updated On 29 January,2020 11:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہو گئی ہے، اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک معمر خاتون ہسپتال کے بیڈ پر لیٹی ہوئی ہے، یہ تصویر فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لاکھوں مرتبہ شیئر کی گئی ہے، اس تصویر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ معمر خاتون ماں بن گئی ہے جس کی عمر 103 سال ہے اور نومولود بھی اس کے ہاتھوں میں ہے۔ یہ خبر بے بنیاد اور جعلی ہے، کیونکہ یہ عورت اس بچے کی ’پڑدادی‘ ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق فیس بک پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی، یہ پوسٹ 8 نومبر 2019ء کی ہے، اس پوسٹ کو تقریباً ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد مرتبہ شیئر کیا گیا ہے۔ نیچے اس تصویر کا سکرین شاٹ بھی دکھایا گیا ہے۔

اس تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ایک معمر خاتون 103 سال کی عمر میں ایک مرتبہ پھر ماں بن گئی ہے، بہت سارے سالوں کی دعاؤں، روزوں کے بعد خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس پوسٹ کو ہزاروں مرتبہ پوسٹ پر مختلف جگہوں پر شیئر کیا گیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق گوگل کے ذریعے تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ یہ خبر جعلی ہے جسے سوشل میڈیا پر پھیلایا جا رہا ہے، ہماری تحقیق کے مطابق یہ معمر خاتون بچے کی ’پڑ دادی‘ ہے۔ امریکی اخبار ہفنگٹن پوسٹ نے اس تصویر کو شائع کیا تھا جو بعد میں سوشل میڈیا پر بے بنیاد طور پر پھیلائی جانے لگی۔

اے ایف پی کے مطابق امریکی اخبار کی طرف سے 31 مارچ 2015ء کو ایک سرخی شائع کی گئی تھی جس کے مطابق 101 سالہ معمر خاتون کی اپنی پڑپوتی کے ساتھ تصویر وائرل ہو گئی ہے۔ اخبار کی سرخی کا نیچے سکرین شاٹ بھی دکھایا گیا ہے۔ 

Advertisement