منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں گزشتہ دنوں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آتش فشاں پھٹنے سے سونامی کی ایسی ڈرامائی تصویر اپ لوڈ کی گئی جس سے لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا تھا۔
فلپائن کے زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے ایسی کوئی بھی تصویر جاری ہونے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے جعلی قرار دیا گیا ہے۔ ادارے نے اپنے فیس بک پیج پر جاری بیان میں لکھا کہ تال آتش فشاں ابھی تک لیول چار میں ہے، سوشل میڈیا پر سونامی کی جاری تصویر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔
خیال رہے کہ فلپائن میں گزشتہ دنوں تال آتش فشاں پھٹنے، زلزلے کے خدشے اور شدید ترین راکھ نکلنے کی وجہ سے علاقے سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا، اس کے بعد 13 جنوری کو سوشل میڈیا پر سونامی کی یہ تصویر جاری کی گئی تھی۔
فیس بک پر جاری اس تصویر کیساتھ لکھا گیا تھا کہ تال آتش فشاں سے شدید راکھ، کیچڑ اور پتھر نکلنے کی وجہ سے خطرناک صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ یہ آتش فشاں کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے قریبی علاقوں لوبو، بالایان اور مابینی میں سونامی کا شدید خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔
اس پوسٹ میں فلپائن کے زلزلہ پیما مرکز نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این ڈی آر آر ایم سی) کو جھوٹا حوالہ دیا گیا تھا۔