لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے نامور ڈائریکٹر اور مصنف خلیل الرحمن قمر اور مشہور اداکارہ ایشل فیاض کے درمیان شادی کی خبریں ہر طرف گردش کر رہی ہیں، یہ خبریں جعلی قرار دیدی گئی ہیں۔
گزشتہ دِنوں سے اداکارہ ایشل فیاض اور معروف ہدایت کار و مصنف خلیل الرحمان قمر کی شادی سے متعلق خبریں زیرِ گردش تھیں کہ انہوں نے اداکارہ ایشل فیاض سے دوسری شادی کرلی ہے۔
مصنف خلیل الرحمن قمر نے سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ شیئر کی اور اس پر ان افواہوں کی پر زور مذمت کی ہے اور کہا کہ یہ خبریں بے بنیاد ہیں۔
فیس بک پر انہوں نے لکھا کہ یہ قابل شرم بات ہے کہ لوگ آرٹسٹ کی زندگی میں مداخلت کرتے ہیں اور ان کی ساخت کو تباہ کر رہے ہیں۔
خلیل الرحمن قمر نے مزید لکھا کہ میں یہاں پر واضح انداز میں بتانا چاہتا ہوں کہ میرے اور اداکارہ ایشل فیاض کے درمیان کوئی ایسی ویسی بات نہیں ہے، ہم صرف مل کر ایک دوسرے کے ساتھ کام کرتے ہیں اور پیشہ وارانہ راستے پر چلتے ہوئے اپنے کام کو مکمل کرتے ہیں۔
فلم ’کاف کنگنا‘ میں جلوہ گر ہونے والی اداکارہ ایشل فیاض نے خلیل الرحمان قمر سے شادی کی خبروں پر بالآخر وضاحت کردی۔
اداکارہ ایشل فیاض نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میرے متعلق جو بھی خبریں چل رہی ہیں اُن میں کوئی سچائی نہیں ہے یہ سب جھوٹی ہیں۔
ایشل فیاض نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میری کسی کے ساتھ بھی شادی نہیں ہوئی ہے۔ میرا اور خلیل الرحمان قمر کا رشتہ صرف اور صرف ایک اداکارہ اور ڈائریکٹر کاہے، اِس سے زیادہ کچھ بھی نہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ جس کسی نے بھی یہ جھوٹی خبر پھیلائی ہے اُن کو کسی نے بھی یہ حق نہیں دیا ہے کہ وہ تصدیق کیے بغیر ایسے کسی کی بھی ذاتی زندگی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائے۔
ایشل کا کہنا تھا کہ میں ابھی بھی ڈراموں اور فلموں میں کام کر رہی ہوں اور میری جب بھی جس سے بھی شادی ہوگی سب سے پہلے آپ لوگوں کو ہی پتا چلے گا، ابھی تک میرا کسی سے بھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے میں صرف اپنے کام پر توجہ دے رہی ہوں۔
ایشل فیاض نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ میرا یہ ویڈیو بنانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ لوگوں کو سچ اور جھوٹ کے بارے میں پتا چل جائے۔