پاکستان کے معروف کامیڈین امان اللہ کے انتقال کی جھوٹی خبریں وائرل

Last Updated On 15 January,2020 10:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی سٹیج ڈراموں، فلموں اور ٹیلی وژن کے معروف مزاحیہ اداکار امان اللہ ان دنوں خرابی صحت کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں تاہم لوگوں نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی جھوٹی خبریں پھیلانا شروع کر دی ہیں۔

امان اللہ تین ماہ قبل گردوں، پھیپھڑوں اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔ ان کو لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ 15 دن تک زیر علاج رہے، طبیعت بہتر ہونے پر انہیں گھر بھیج دیا گیا۔

تاہم 12 دن قبل وہ نمونیہ میں مبتلا ہو گئے جس کے بعد انھیں ایک بار پھر نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی طبیعت بہتر ہوئی تو انہیں 7 دن بعد ڈسچارج کر دیا گیا تاہم گھر جاتے ہی ان کی طبیعت ایک بار پھر بگڑ گئی۔

اہلخانہ کے مطابق امان اللہ کو چوتھی بار ہسپتال لائے ہیں، اب انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔ بحریہ ٹاﺅن ہسپتال میں اب امان اللہ کا علاج ہو رہا ہے۔

اہلخانہ نے قوم سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔ کامیڈین اداکار نسیم وکی اور قیصر پیا نے بھی گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں امان اللہ کی صحت کے لئے دعا کی اپیل کی تھی۔ خیال رہے کہ امان اللہ کو 2018ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ ان کا شمار پاکستان کے چوٹی کے کامیڈین میں ہوتا ہے۔

نجی میڈیا سے بات کرتے ہوئے امان اللہ کی صاحبزادی نے بتایا کہ میرے والد کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ گھر کے دیگر لوگ بھی وہاں موجود ہیں۔
 

Advertisement