لاہور: (ویب ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اور سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر ہزاروں مرتبہ ایک پوسٹ شیئر کی جا رہی ہے، اس پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی صاحبزادی نفیسہ شاہ بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت گزشتہ 7 سال سے رقم وصول کر رہی ہیں۔ یہ خبر جھوٹی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ خبر جھوٹی ہے جسے ویلفیئر سسٹم کی چیف نے بھی ثابت کیا ہے، جھوٹی خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کی قانون ساز اسمبلی کی رکن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ حاصل کر رہی تھیں۔ آفیشلز ریکارڈ کے مطابق یہ خبر جعلی ہے، اس خبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے بھی مسترد کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک پر یہ پوسٹ 17 جنوری 2020ء کو پوسٹ کی گئی، اس پوسٹ کو 6 ہزار 700 سے زائد مرتبہ شیئر کیا گیا ہے۔ ایک پوسٹ کا سکرین شاٹ نیچے دکھایا گیا ہے۔ اس پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نفیسہ شاہ ہیں۔
اس پوسٹ میں اُردو زبان میں الفاظ تحریر کیے گئے ہیں، جو الفاظ تحریر کیے گئے ہیں وہ مندرجہ ذیل ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا پہلا چہرہ بے نقاب، سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی بیٹی موجودہ وزیر اطلاعات پی پی سندھ ڈاکٹر نفیسہ شاہ سات سال سے یہ پیسے لے رہی ہیں، افسوس۔۔۔
واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی بنیاد پاکستان پیپلز پارٹی نے 2008ء میں رکھی تھی۔ سکیم کا مقصد حکومت کی جانب سے غریبوں کی مالی امداد فراہم کرنا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق یہ پوسٹ فیس بک سے ہوتی ہوئی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی پہنچی جہاں پر اسے ہزاروں مرتبہ ری ٹویٹ کیا گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق نفیسہ شاہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی ہیں، قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کا عکس بھی نیچے دکھایا گیا ہے۔
چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ثانیہ نشتر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں بذات خود کنفرم کر سکتی ہوں کہ پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ کا نام رقم وصول کرنے والی لسٹ میں موجود نہیں ہے۔ ہمیں سیاسی مصالحتوں سے پاک ہو کر سچ بولنا چاہیے۔
17 جنوری 2020ء کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں چند لوگوں کے نام بتا رہی ہوں جو یہ جعلی خبر پھیلا رہے ہیں، ان میں سے ایک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایم پی اے مومنہ وحید بھی شامل ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق جعلی خبر کے مطابق نفیسہ شاہ حکومتی ادارے سے پیسے وصول کر رہی ہیں، یہ خبر ایک مقامی ویب سائٹ ’نیا دور‘ اور ’ریڈیو پاکستان‘ پر بھی شائع کی گئی۔ یہ خبر دونوں ویب سائٹس پر 18 جنوری 2020ء کو شائع کی گئی۔