گلوکار عالمگیر کے انتقال کی خبر جعلی قرار

Last Updated On 20 June,2020 05:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس سے متعلق دنیا بھر میں جعلی خبریں درد سر بنی ہوئی ہیں، چند روز کے دوران پاکستان شوبز انڈسٹری اس کا نشانہ بنی ہوئی ہے، اسی حوالے سے ایک خبر گلوکار عالمگیر سے متعلق آئی ہے جن کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ ان کا انتقال ہو گیا تاہم یہ خبر جعلی نکلی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران پاکستان میں شوبز انڈسٹری کورونا وائرس کی جعلی خبروں کی زد میں آئی ہوئی ہیں، اداکارہ روبینہ اشرف، اداکارہ مہوش حیات، سکینہ سموں سمیت دیگر نے جعلی خبروں پر غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا۔

شام سوشل میڈیا پر پاکستان کے معروف گلوکار عالمگیر کے انتقال کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں جنہیں دیکھ کر ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی تاہم اداکارہ بشریٰ انصاری نے ان خبروں کی تردید کردی ہے۔

بشریٰ انصاری اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ عالمگیر کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ سوشل میڈیا پر آپ کے انتقال کی خبروں کو دیکھ کر میں بہت ڈر گئی تھی۔

بشریٰ انصاری نے مزاقاً کہا آپ 100 سال کے ہوگئے ہیں اور اب آپ کو مرنے کا کوئی حق نہیں ہے مجھے آپ کی عادت ہوچکی ہے۔ بشریٰ انصاری کی باتیں سن کر عالمگیر کو فون پر ہنستے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ بشریٰ انصاری نے خدا کا شکر اداکیا کہ عالمگیر زندہ اور بالکل ٹھیک ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب کسی عوامی شخصیت کے انتقال کی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوں اس سے قبل بھی بھارتی اسٹارز دلیپ کمار، شوئیتا تیواری اور امیتابھ بچن وغیرہ کے انتقال کی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرچکی ہیں۔