لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما ندیم افضل چن سے متعلق جعلی خبریں پھیلائی جانے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک خبر وائرل ہو رہی ہیں جن میں ندیم افضل چن سے منسوب بیان میں کہا جا رہا ہے کہ براڈ شیٹ کمپنی کو ہرجانے کی رقم اس لیے ادا کروائی گئی تاکہ شہزاد اکبر اپنا پچیس فیصد کمیشن وصول کر سکے، میں اپنے سیاسی حریفوں کو گالیاں نہیں نکال سکتا۔
ان سے منسوب جعلی بیان میں مزید لکھا جا رہا ہے کہ عمران خان ایک ڈکٹیٹر ہے، وزراء اور مشیروں کو کہا گیا ان کے ہر سیاہ سفید کا دفاع کرو، نہیں کر سکتے تو استعفی دو، پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر اپنے گلے سے غلامی کا طوق اُتار رہا ہوں، میں پوری قوم سے شرمندہ ہوں اور معافی کا طلبگار ہوں۔
بیان میں مزید کہا جا رہا ہے کہ بھٹو سویلین تھا اس لیے اس کا عدالتی قتل ہو گیا، پرویز مشرف فوجی تھا اس لیے عدالت ہی قتل کر دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے جعلی بیان کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ برائے مہربانی میرے نام سے جعلی خبر چلا کر اپنے مقاصد حاصل نہ کریں۔
پلیز میرے نام سے جعلی خبر چلا کر اپنے مقاصد حاصل ناں کریں۔۔ pic.twitter.com/P88N6j9tkG
— Nadeem Afzal Chan (@NadeemAfzalChan) January 20, 2021
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سوشل میڈیا پر ندیم افضل چن سے متعلق جعلی خبریں گردش کر رہی تھیں جس کے بعد انہوں نے اپنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھا کہ میرا یہ ٹویٹر اکاؤنٹ ہے، باقی سب جعلی ہیں۔
میرا یہ Twitter account ھے. باقی سب جعلی ھیں
— Nadeem Afzal Chan (@NadeemAfzalChan) January 14, 2021