گیس کی قیمت میں اضافے کی خبریں جعلی قرار

Published On 25 February,2021 06:38 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان پٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے کہ گیس کی قیمت میں اضافےکے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

تفصیلات کے مطابق اوگرا نے اپنی سفارشات بھجوا دی ہیں ،حکو مت کی حتی الامکان کوشش ہو گی کہ گیس کی قیمت میں اضافہ نہ ہو۔

جمعرات کو ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ اوگرا نے حکومت کو گیس کی قیمت بڑھانے کیلئے سفارشات ارسال کر دی ہیں، سوئی نادرن کے صارفین کیلئے اوسطاً 35 روپے اور سوئی سدرن کے صارفین کیلئے 14 روپے گیس نرخ بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت اوگرا سفارشات کا جائزہ لے رہی ہے اور حکومت کی حتی الامکان کوشش ہو گی کہ گیس کی قیمتیں نہ بڑھائی جائیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے گیس مزید مہنگی کرنے کا عندیہ دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے گیس مزید مہنگی کرنے کا عندیہ دے دیا

صحافی کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے سوال پوچھا کہ کیا وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تیاری کرلی؟

اس سوال کے جواب میں معاون خصوصی پیٹرولیم نے گیس مزید مہنگی کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ گیس مہنگی کرنے کی اوگرا سفارشات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گیس مہنگی کرنا بھی پڑی تو معمولی اضافہ کریں گے۔ ابھی تک گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ اوگرا کی سفارشات کا ابھی جائزہ لے رہے ہیں۔

دوسری طرف معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر سے ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ایل پی جی نئی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فائنل ایل پی جی پالیسی کی منظوری سے پہلے متعلقہ انڈسٹری کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ چند دنوں میں ایل پی جی پالیسی کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

Advertisement