بیگم شمیم اختر کبھی رکن صوبائی اسمبلی رہی ہی نہیں، خبریں جعلی قرار

Published On 05 March,2021 04:18 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹیں وائرل ہو رہی ہیں جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر 91 سال کی عمر میں رکن اسمبلی بنی تھیں لیکن ایک مرتبہ بھی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جبکہ سہولیات اور سیلری بھی حاصل کیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فیس بک پر 24 فروری 2021ء کو ایک پوسٹ شیئر کی گئی، اس پوسٹ کو 1200 سے زائد مرتبہ لوگوں نے شیئر کیا۔

ششیئر کی گئی پوسٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی والدہ مرحومہ بیگم شمیم اختر(جو نومبر 2020ء میں انتقال کر گئیں تھیں) اپنے بیٹے کو شفقت بھرے انداز میں چھو رہی ہیں، جبکہ دوسری طرف میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شریف فیملی کے دیگر افراد بیگم شمیم اختر کے کفن والے لباس کے پاس کھڑے ہیں۔

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر اُردو زبان میں الفاظ لکھے ہیں، جس میں لکھا ہے کہ نواز شریف کا پیٹ دنیا کے کسی بھی چیز سے نہیں بھرا جا سکتا کیونہ انہوں نے اپنی بوڑھی والدہ کو بھی خواتین کی نشستوں پر ایم پی اے بنا کے رکھا تھا تاکہ ماں کے ذریعے سے بھی پیسہ آئے اور آخر میں اسی ماں کی میت کو بلٹی کر دیا۔ افسوس

فیس بک پر شیئر کی گئی پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بیگم شمیم اختر 2013ء سے 2018ء کے پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں پنجاب اسمبلی کی رکن تھیں، انہوں نے تنخواہ اور سبھی مراعات بھی لی تھیں، اس دوران کس عمر 91 سال تھی، ایک بھی اجلاس اٹینڈ نیں کیا، وفات 93 سال کی عمر میں ہوئی۔

پوسٹ میں مزید لکھا کہ پٹواریں سچ سچ بتانا کس کس کو یہ بات معلوم تھی؟ کیسے کیسے اس خاندان نے ملک کے خزانے کو لوٹا ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تین بار کے وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو 2017ء میں نا اہل کیا گیا تھا، جو حالیہ عرصے کے دوران برطانیہ میں اپنے علاج کے سلسلے میں مقیم ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق مرحومہ بیگم شمیم اختر سے متعلق دعویٰ فیس بک کے ساتھ ساتھ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی شیئر کیے جا رہے ہیں۔ یہاں بتاتے چلیں کہ یہ دعویٰ بے بنیاد اور جعلی ہے۔ کیونکہ 2013ء کے دوران پنجاب اسمبلی میں شمیم اختر نام کی متعدد خواتین موجود تھیں۔

اے ایف پی کے مطابق پنجاب اسمبلی کی ایک خاتون رکن صوبائی اسمبلی کا نام شمیم اختر رانا ہے، جو پاکستان مسلم لیگ کے ٹکٹ پر 2002-2007ء سے صوبائی اسمبلی کی رکن بنی تھیں، ان کی پیدائش یکم جنوری 1965ء ہے جبکہ مسز شمیم اختر الیاس شہزادی کبیر 2018-2013ء تک رکن صوبائی اسمبلی ہی ہیں، ان کی تاریخ پیدائش 9 مارچ 1954ء تھی۔

اے ایف پی کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی والدہ غیر سیاسی خاتون تھیں اور وہ اپنی پوری زندگی میڈیا سے دور رہیں۔ رابطہ کرنے پر نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے بتایا کہ یہ بات سچ نہیں ہے، نواز شریف کی والدہ کبھی پنجاب اسمبلی کی رکن نہیں رہیں۔