بھارتی گلوکار بپی لہری کی آواز چلے جانے کی خبریں جعلی قرار

Published On 21 September,2021 07:22 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف موسیقار و گلوکار بپی لہری نے طبیعت کی خرابی اور آواز چلے جانے کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 68 سالہ معروف موسیقار ان دنوں صحت کے مسائل سے دوچار ہیں، رواں سال کورونا کا شکار ہوگئے تھے اور اب وہ وہیل چیئرپر ہیں۔ بپی لہری نے چلنے پھرنے میں آسانی کیلئے ممبئی میں اپنے گھر میں بھی لفٹ لگوا لی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں موسیقار کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں کہ بپی لہری کی طبیعت ناساز ہے اور وہ بول بھی نہیں سکتے۔ ان خبروں کے بعد ان کے مداحوں میں صحت کے حوالے سے تشویش پھیل گئی تھی تاہم اب خود معروف موسیقار کو ان افواہوں پر وضاحت دینا پڑی ہے۔

موسیقار و گلوکار کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وضاحت میں کہا گیا ہے کہ یہ جان کر دکھ ہوا کہ کچھ میڈیا رپورٹس میں میری صحت کے بارے میں غلط خبرشائع ہوئیں۔ میرے مداحوں اور دیگر چاہنے والوں کی دعاؤں کی بدولت میں بالکل خیریت سے ہوں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بپی لہری کے بیٹے بپا لہری کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد والد کے پھیپھڑے متاثر ہوئے تھے اور ڈاکٹروں نے انہیں بات نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس دوران والد نے ملنے جلنے والے افراد سے بات نہیں کی جس پر سمجھا گیا کہ ان کی آواز چلی گئی ہے تاہم اب وہ مکمل صحت مند ہیں۔
 

Advertisement