پٹرول اور ڈیزل کی قلت، خبریں بے بنیاد ہیں، ترجمان وزارت توانائی

Published On 08 November,2022 10:28 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن )کے ترجمان نے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت کے حوالہ سے خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے، ایک اور کارگو 12 نومبر کو کراچی پہنچنے کا امکان ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے کارگوز بھی جلد پہنچ جائیں گے۔

ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قلت کے حوالہ سے خبریں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، 7 نومبر کو پٹرول کا ذخیرہ تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن تھا جو 21 دنوں کے لئے کافی ہے اور ڈیزل کے حوالے سے موجودہ سٹاک 4 لاکھ 38 ہزار میٹرک ٹن ہے جو آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے سٹاک پوزیشن کی بنیاد پر 15 دنوں کے لئے کافی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نومبر 2022 کے لئے پی ایس او کی جانب سے ڈیزل کی درآمد کی منصوبہ بندی 22 ہزار میٹرک ٹن ہے جس میں سے ایک کارگو 12 نومبر کو کراچی پہنچنے کی توقع ہے جبکہ دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے کارگوز بھی جلد پہنچ جائیں گے، ملک میں پٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کافی ہے۔
 

Advertisement