دبئی: (ویب ڈیسک) گزشتہ روز خبروں کی شہ سرخیوں میں رہنے والی بالی وڈ اداکارہ عرفی جاوید نے دبئی میں اپنی گرفتاری کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ عرفی جاوید متحدہ عرب امارات میں شوٹنگ کے لیے گئی ہوئی ہیں لیکن دبئی کی پولیس نے انہیں فحش لباس میں شوٹنگ کرنے کی وجہ سے حراست میں لے لیا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ عرفی کا پاسپورٹ ضبط کرکے انہیں بھارت لوٹنے سے بھی روکا جاسکتا ہے تاہم اب ان تمام خبروں پر اداکارہ نے بھارتی میڈیا سے بات کی ہے۔
تاہم اب ذرائع کے مطابق عرفی نے دبئی پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس میری شوٹنگ رکوانے کے لیے پہنچی تھی کیونکہ انہیں جگہ سے مسئلہ تھا ۔
اداکارہ نے بتایا کہ جس جگہ ہم عکس بندی کررہے تھے وہاں ہمیں ایک مقررہ وقت پر کام ختم کرنا تھا جو ہم نہیں کر سکے، عوامی مقام ہونے کے باعث وہاں پولیس پہنچی اور ہمیں وہاں سے جانا پڑا ۔
عرفی نے مزید کہا اس سے میرے کپڑوں کا قطعاً کوئی لینا دینا نہیں تھا، ہم نے شوٹنگ کا بقیہ حصہ اگلے دن ریکارڈ کرا لیا تو اس لیے تمام معاملات ٹھیک ہوگئے ۔