اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنی گرفتاری سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ میری گرفتاری کی غلط خبر تھی، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گرفتار نہیں کیا تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سائفر کے معاملے میں عدالت آیا ہوں، سائفر کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو بار سائفر معاملے پر شامل تفتیش ہو چکا ہوں، سائفر معاملے پر کلین ثابت ہوں گے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ اسد عمر کو سائفر کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا تھا کہ اسد عمر سے پوچھ گچھ کی گئی ہے، باضابطہ گرفتار نہیں کیا، ان سے سائفر کیس میں پوچھ گچھ کی گئی۔